آپ کا نامہ اعمال گوگل کے ہاتھ میں

السلام علیکم

کیا آپ کو کبھی یہ احساس ہوا ہے کہ کوئی آپ کو دیکھ رہا ہے؟ کتنا ڈراؤنا احساس ہوتا ہے نا؟ لیکن اگر ہم آپ کو بتائیں کہ آپ انٹرنیٹ پر جو کچھ کر رہے ہیں ان سب کو دیکھا جا رہا ہے تو آپ کو کیسا لگے گا؟ اندازہ لگانا چاہتے ہیں تو ایک چھوٹا سا براؤزر ایکسٹینشن "گھوسٹری" ہے، جو بتاتا ہے کہ کسی عام ویب سائٹس پر کتنے ٹریکنگ اسکرپٹس ہوتے ہیں۔ 

صارفین کا یہ ڈیٹا حاصل کرکے یہ ویب سائٹیں اشتہارات دینے والوں کو فروخت کرتی ہیں لیکن کچھ کمپنیاں ایسی ہیں جو اسے بالکل نئے مقام تک لے جاتی ہیں۔ جیسا کہ گوگل اور فیس بک۔ ڈجیٹل ایڈورٹائزنگ پر خرچ ہونے والے ہر ایک روپے میں سے 60 پیسے ان کمپنیوں کی جیب میں جاتے ہیں۔ دونوں اپنے صارفین کی معلومات حاصل کرنے کی اعلیٰ ترین صلاحیت رکھتی ہیں۔ 

یہ بات تو تقریباً یقینی ہے کہ اگر آپ اردو ٹرائب پڑھ رہے ہیں تو ضرور گوگل کی کوئی نہ کوئی پروڈکٹ استعمال کر رہے ہوں گے۔ گوگل کی 79 سے زیادہ مصنوعات ہیں اور اس کا موبائل آپریٹنگ سسٹم اینڈرائیڈ اس وقت دنیا کی 70 سے 80 فیصد اسمارٹ فون ڈيوائسز پر موجود ہے۔ آن لائن سرچ میں بھی لگ بھگ 79 فیصد گوگل کا قبضہ ہے۔ گوگل سالانہ اشتہارات سے 67 ارب ڈالرز سے زیادہ کماتا ہے۔ 

گوگل کہتا ہے کہ ہم صارف کی صرف تین قسم کی معلومات جمع کرتے ہیں۔ جو کام ہم کرتے ہیں، جو ہم تخلیق کرتے ہیں اور ہمیں "ہم" بنانے والے کام۔ ہم گوگل کی پروڈکٹس استعمال کرتے ای میل پڑھتے اور بھیجے ہیں، ویب براؤز کرتے ہیں، اسی کے ایپ اسٹور سے ایپس انسٹال کرتے ہیں اور موبائل پر آپریٹنگ سسٹم بھی اسی کا استعمال کرتے ہیں۔ گوگل جانتا ہے کہ ہم دن کا بیشتر وقت کس جگہ پر گزارتے ہیں، ہماری تصاویر، وڈیوز اور آواز تک کے بارے میں جانتا ہے جو ہم وقتاً فوقتاً اپنے کیمرے سے کھینچتے اور ریکارڈ کرتے ہیں۔ اسے یہ بھی معلوم ہے کہ ہم کون سا موبائل استعمال کرتے ہیں؟ ہمارے پاس کتنے موبائل ہیں؟ لیپ ٹاپ کون سا ہے؟ اگر ڈیسک ٹاپ استعمال کرتے ہیں تو اس کے اوقات کیا ہیں؟ ہم کون سے گانے سنتے ہیں؟ کون سی وڈیوز میں دلچسپی رکھتے ہیں اور بہت کچھ۔ اس دوران ہماری ویب سرچ، براؤزنگ کے طریقے، دلچسپیاں اور سب کچھ گوگل کے پاس جمع ہوتا رہتا ہے اور وہ اپنے اشتہاری پروگرام "ایڈ ورڈز" کے لیے اسے استعمال کرتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اگر کسی موضوع پر ایک دو بار سرچ کرلیں تو ہمیں اسی حوالے سے مختلف ویب سائٹس پر اشتہار نظر آنے لگتے ہیں۔ 

اگر آپ جاننا چاہتے ہیں کہ گوگل آپ کے بارے میں کیا کچھ جانتا ہے؟ تو گوگل پر ہی “Google Takeout” سرچ کریں۔ یہاں آپ کو وہ پیج ملے گا جہاں آپ کا سارا ڈیٹا محفوظ ہے، جسے آپ ڈاؤنلوڈ بھی کر سکتے ہيں۔ یہ ڈیٹا دیکھیں، یہ آپ کا نامہ اعمال ہے 

Comments

Popular posts from this blog

اپنے اینڈرائڈ موبائل کا وائرس ختم کریں